1540ء میں جب شیرشاہ سوری نے مغل شہنشاہ ہمایوں سے ہندوستان کا تخت چھینا تو جہاں اس نے بہت سی دوسری اصلاحات کیں وہاں اس نے کرنسی کے نہاٸت ناقص نظام کو درست کرنے کے لٸے ایک ایسا شاندار معیاری کرنسی کا نظام نافذ کیا جو آج بھی جنوبی ایشیا کےآٹھ ممالک میں معمولی تبدیلیوں کے ساتھ نافذالعمل ھے۔
1542ء میں شیرشاہ سوری نےاپنی وزارت خزانہ کو اپنے وژن کے مطابق ایک معیاری سکہ ڈھالنے کا حکم دیا۔ اور جب چاندی کا ڈھلا ھوا سکہ سامنے آیا تو اس کے ایک رخ پر درمیان کلمہ طیبہ اور کناروں پر خلفاء راشدین کے نام کندہ تھے اور دوسرے رخ پر درمیان ” خُلدُاللہ ملکہ“ اور کناروں پر مقام اور تاریخ کو کندہ کیا گیا تھا۔
خوبصورت سکے کو دیکھتے ہی حبِّ اسلام سے سرشار شیرشاہ سوری نے فرط مسرت سے بے ساختہ کہا،
”ارے یہ تو روپیا ھے“(یعنی چاندی جیسا ھے"
اور پھر اس نٸے سکے کا نام روپٸہ زبان زد عام ھوگیا۔
سنسکرت زبان میں چاندی کو "روپیکم" کہتے ھیں جبکہ اس زمانے کی عوامی زبان میں اسے "روپا" کہا جاتا تھا اور لفظ روپ (خوبصورتی) بھی لفظ روپا سے ماخوذ ھے
تم آ گٸے تو چمکنے لگی ھیں دیواریں
ابھی ابھی تو یہاں پر بڑا اندھیرا تھا
روپٸے کا وزن 11.4 گرام یعنی ایک تولہ چاندی کے برابر تھا۔
روپٸے کے علاوہ سونے کا بھی ایک سکہ ڈھالا گیا جس کا نام اشرفی تھا اور بعد میں یہ ”مُہر“ کہلانے لگا۔
ایک مہر نو 9 روپٸے کے برابر ھوتا تھا۔
کچھ عرصہ بعد تانبے کا ایک سکہ ڈھالا گیا جس کا نام پہلے دام تھا اور بعد میں اسے پیسہ کہا جانے لگا۔
اور اس طرح سے اشرفی ، روپٸہ، اور پیسہ کی باہمی نسبت سے کرنسی کا ایک شاندار نظام وضع ھوگیا۔
1545ء میں شیرشاہ سوری کی ناگہانی موت کے بعد مغلیہ سلطنت دوبارہ بحال ھو گٸی۔
اس دور میں روپٸے کے خاندانٍ کرنسی میں کچھ اور اکاٸیاں بھی شامل ھو گٸیں مثلاً "کوڑی،دمڑی،دھیلا،پاٸی" وغیرہ لیکن معیاری اکاٸی( standard unit) روپٸہ ھی رہا۔
اور پھر مغلیہ سلطنت کا زوال شروع ھوگیا اور ایسٹ انڈیا کمپنی کی شکل میں انگریز بدیشی مگر مچھ ہندوستان کو نگلنے لگا۔
لیکن اس دور میں بھی کرنسی کا یہی نظام معمولی تبدیلی کے ساتھ جاری رہا۔
1857ء کی جنگ آزادی کے بعد جب ہندوستان براہ راست تاج برطانیہ کی عمل داری میں چلا گیا تو نہ صرف روپٸے کا زوال شروع ھوا بلکہ ہندوستان جو کہ گذشتہ دو ہزار برسوں میں سے اٹھارہ سو برس تک دنیا کا خوشحال ترین ملک (سونے کی چڑیا) تھا اس کا بھی معاشی زوال شروع ھو گیا۔
برطانوی حکومت نے سرکاری سطح پر ہندوستان کا سونا اور چاندی کے ذخاٸر کو برطانیہ منتقل کرنے کے لٸے قوانین بنانے شروع کر دیٸے۔
بینک آف انگلینڈ نے ہندوستان کی کرنسی کا کنٹرول سنبھال لیا۔
روپٸے اور مہر کی جگہ پر کاغذی کرنسی جاری کرکے لوگوں کواس کے استعمال کی ترغیب دی جانے لگی۔
رفتہ رفتہ لوگ چاندی کے روپٸے اور سونے کی مہر کو بھولتے گٸے اور اس طرح انگریز سرکار کے جاری کردہ کاغذی نوٹ پورے بر صغیر میں گردش میں آگٸے۔
بینک روپٸے اور مہروں کو ترجیحاً سکوں کی صورت میں لیتا اور کاغذی نوٹوں کی صورت میں واپس کرتا۔
لوگوں کے پاس محفوظ سونا اور چاندی بٹورنے کے لٸے ایک اور واردات کی گٸی
۔پورے ہندوستان میں پوسٹل سیونگ بینک قاٸم کر دیٸے گٸے۔
جن کے تحت بچتوں کو محفوظ کرنے کے نام پر لوگوں سے سونے اور چاندی کے سکے لے لٸے جاتے اور برطانیہ منتقل ھو جاتے ۔
مدت پوری ھونے پر برطانیہ سے خوبصورت نقش و نگار والے کاغذی نوٹ چھپ کر آجاتے اور لوگ کشاں کشاں ان کو قبول کر لیتے۔
ڈاکے کی تیسری بڑی قسم یہ تھی کہ کاغذی نوٹوں کے بدلے میں ہندوستان کا ہر قسم کا خام مال برطانیہ منتقل ھونے لگا اور وھی مال مصنوعات کی شکل میں واپس آ کر ہندوستان میں مہنگے داموں بکنے لگا۔
اور پھر کرہ ارض کا وسیع و عریض اور ہمیشہ سے ساری دنیا سے خوشحال خطہ بر صغیر کنگال ھو گیا اور ایک نہاٸت چھوٹا سا علاقہ برطانیہ دولت سے اس قدر لد گیا کہ دولت رکھنے کو جگہ نہ بچی۔
زمین چمن گل کھلاتی ھے کیا کیا
بدلتا ھے رنگ آسماں کیسے کیسے
کہتے ھیں کہ
جب انگریز برصغیر آیا تو اس کے پاس کاغذی کرنسی تھی اور مقامی لوگوں کے پاس سونا اور چاندی تھی اور جب واپس گیا تو اس کے پاس سونا اور چاندی تھی اور مقامی لوگوں کے پاس کاغذ کے نوٹ تھے۔